10 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:58
بھارت، انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ آج سے شروع ہو گا
آج نیوز - برطانیہ کے مختلف شہروں میں جاری پرتشدد واقعات کے باوجود بھارت اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹیسٹ کی سیریز کا تیسرا میچ شیڈول کے مطابق آج سے برمنگھم میں شروع ہوگا۔ انگلینڈ کو چارمیچوں کی سیریزمیں دو صفر کی برتری حاصل ہے۔ میزبان ٹیم تیسرا ٹیسٹ جیت کر آئی سی سی رینکنگ میں بھارت کی جگہ پہلی پوزیشن حاصل کرسکتی ہے۔ انگلینڈ کوتیسرے ٹیسٹ کیلئے جوناتھن ٹراٹ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جبکہ فاسٹ بالرکرس ٹریملٹ بھی انجری کا شکارہوگئے ہیں۔ ٹراٹ کی جگہ روی بوپارہ کوٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب بھارتی ٹیم انجری مسائل سے دوچار ہے۔ لارڈز ٹیسٹ میں انجری کا شکار ہونے والے بھارتی فاسٹ باؤلر ظہیر خان کی جگہ ردرا پرتاپ سنگھ تیسرے میچ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ اوپننگ بلے باز وریندر سہواگ کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ ہربجھن سنگھ اور یووراج سنگھ انجری کے سبب سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔