10 اگست 2011
وقت اشاعت: 12:5
مون سون پورے جوبن پر، مٹھی میں231ملی میٹر بارش
جنگ نیوز -
کراچی…سندھ کے ریگستانی علاقے تھرپارکر میں بارش کے بعد زندگی کی رونقیں لوٹ آئی ہیں۔ جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ضلع تھر پارکر کے صدر مقام مٹھی میں میں اب تک231ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔ سندھ کے ریگستانی علاقے تھر میں بارش کے بعد ناصرف موسم خوشگوار ہوگیا ہے بلکہ کاشتکاروں کی امیدیں بر آئی ہیں۔ ضلع تھر پارکر میں فصلوں کی کاشت کا مکمل دارو مدار بارش کے پانی پر ہے۔ ضلع تھر پارکر کے صدر مقام مٹھی میں بھی بارش کے بعد ریگستان میں موجود اونٹ بھی پانی پیتے نظر آرہے ہیں۔ ریگستانی علاقوں میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کے بعد لوگوں نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔ میرپور خاص ڈویژن میں واقع علاقے نوکوٹ میں تیز بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے۔ بارش سے لطف اندوز ہونے کے لئے بچے پانی میں کھیلتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ تیز بارش کے باعث کئی گاڑیاں بندہوگئیں جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔بدین، گولارچی، ٹنڈو باگو ، ماتلی تلہار میں بارش کے بعددیہی اور شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا ہے۔حیدرآباد شہر میں آج صبح ہونے والی بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی ہوئی ہے ، تاہم نکاس آب کا خاص انتظام نہ ہونے کے باعث مختلف علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا ہے۔ ٹھٹھہ شہر اور گردونواح میں بارش کے بعد شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔جام شورو ، دادو ، جوہی ، لاڑکانہ، میہڑ ، گولارچی اور ملحقہ علاقوں میں رات گئے ہلکی بارش ہوئی۔