10 اگست 2011
وقت اشاعت: 13:2
مون جوبن پر، بادل صحراوٴں میں کھل کر برسے، مٹھی میں243ملی میٹر بارش
جنگ نیوز -
حیدرآباد...سندھ کے ریگستانی علاقے تھرپارکرمیں بارش کے بعد زندگی کی رونقیں لوٹ آئی ہیں،بچے ،بڑے کاشتکار ،جانور سب ہی ابر رحمت سے خوش ہیں ،چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش تھرپارکر کے شہر مٹھی میں 243ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ، سندھ کے ریگستانی علاقے تھر میں بارش سے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ کاشتکاروں کی امیدیں بر آئی ہیں،تھر پارکر میں فصلوں کی کاشت کا مکمل دارو مدار بارش کے پانی پر ہے اوربارش کے بعد خشک سالی کا خطرہ ختم ہوگیا ہے۔ سب سے زیادہ بارش ضلع تھر پارکرکے شہرمٹھی میں 243ملی میٹر ریکارڈ کی گئی،نگر پارکرمیں 140،چھاچھرو132اورڈیپلو میں48ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ ریگستانی علاقوں میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش پر لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ میرپور خاص ڈویژن کے علاقے نوکوٹ میں تیز بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے۔موسم کے مزے لوٹنے کے لئے بچے بھی پانی سے کھیلتے ہوئے نظر آرہے ہیں ، تیز بارش کے باعث کئی گاڑیاں بندہوگئیں، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،ٹھٹھہ شہر اور گردونواح میں بارش کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔جام شورو ، دادو ، جوہی ، لاڑکانہ، میہڑ ، گولارچی اور ملحقہ علاقوں میں رات گئے ہلکی بارش ہوئی۔