10 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:4
آئی پی پیز کو ادائیگیوں کی یقین دہانی کرا دی،وزارت پانی و بجلی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزارت پانی و بجلی کے حکام کا کہنا ہے کہ آئی پی پیز کو ادائیگیوں کی یقین دہانی کرا دی گئی ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ پاور پلانٹس بند نہ کریں جبکہ آئی پی پی پیز ایڈوائزری کونسل کے چیئرمین عبداللہ یوسف کے مطابق وزارت پانی و بجلی کے حکام نے کوئی رابطہ نہیں کیا ،صورتحال گھمبیر ہوتی جارہی ہے۔جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عبداللہ یوسف نے بتایا کہ ادائیگیاں نہ ہونے کے باعث آئی پی پیز دیوالیہ ہو رہی ہیں ، وزارت پانی و بجلی نے آئی پی پیز کو ادائیگیوں سے متعلق کوئی یقین دہانی نہیں کرائی۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وازرت پانی و بجلی کے اعلیٰ حکام کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کو ادائیگیوں کی یقین دہانی کرادی گئی ہے۔ عبداللہ یوسف نے بتایا کہ لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو بھی پیر کو خط لکھا تھا کہ آئی پی پیز کو کمیٹی کے اجلاس میں بلاکر مسئلے کا حل بتایا جائے مگر ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا۔ چیئرمین آئی پی پیز ایڈوائزری کونسل کا کہنا تھا کہ بنکوں کو ادائیگیاں کرنی ہیں ، انتظار کی بھی کوئی حد ہوتی ہے۔ اس وقت بیس کے قریب آئی پی پیز سوا چھ ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی فراہم کر رہی ہیں ، پیپکو کے ذمے 210ارب روپے واجب الادا ہیں۔ عبداللہ یوسف نے کہا کہ 150ارب فوری ادا نہ کیے گئے تو پاور پلانٹس بند کرنے پرمجبور ہوں گے۔