10 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:4
توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے سرکولر ڈیٹ مسئلہ ختم کرنا ہوگا،حفیظ شیخ
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبہ میں زیر گردش قرض کا مسئلہ جڑ سے ختم کیے بغیر صورتحال بہتر نہیں ہوسکتی، توانائی کے بحران کا خاتمہ محض سب سڈی اور بانڈ جاری کرنے سے نہیں ہوگا۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار توانائی کے بحران پر وزیر اعظم کی ہدایت پر بنائی گئی خصوصی کمیٹیکے اجلاس صدارت کرتے ہوئے کیا ،اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین اور وزیر پانی و بجلی نوید قمر نے بھی شرکت کی۔ وزیر خزانہ نے پیپکو حکام کو ہدایت کی کہ بجلی کے ترسیلی نقصانات کی شرح کم کرنے کے لیے زبانی نہیں عملی اقدامات کیے جائیں۔ پیپکو حکام نے بریفننگ میں بتایاکہ پیپکوکے جاری واجبات میں 16 ارب روپے کی بہتری ہوئی ہے۔ نادہندگان کی طرف 96 ارب روپے واجب الادا تھے جو اب کم ہوکر 80 ارب روپے ہوگئے ہیں۔ پیپکو حکام نے کہا کہ سرکاری اداروں اور صوبوں نے 126 ارب روپے ادا کرنا ہیں۔ پیپکو حکام کے مطابق کے ای ایس سی کی جانب 40 ارب کے واجبات ہیں۔ سندھ نے 39 ارب، پنجاب 10 ارب اور کشمیر نے 9 ارب روپے ادا کرنا ہیں،جبکہ خیبر پختون خوا پر 18 ارب اور فاٹا10 ارب روپے واجب الادا ہیں۔