10 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:26
وزیر اعلیٰ پنجاب کی وزیر اعظم سے ملاقات،توانائی بحران پر گفتگو
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے ملاقات کی ہے جس کے دوران توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے توانائی اور تعلیم پر کانفرنس بلانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کے لیے لاہور سے خصوصی طیارے پر اسلام آباد پہنچے۔ ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق توانائی اور تعلیم پر کانفرنس بلانے کا مقصد توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے اتفاق رائے قائم کرنا ہے۔ وزیر اعظم گیلانی نے وزارت قانون کو نندی پور پاورپراجیکٹ کے متعلق فائل کلئیر کرنے کی ہدایت کی۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کی تکمیل سے 400 میگاواٹ بجلی پیدا ہوسکے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیر اعظم یوسف گیلانی سے وزارتوں کی صوبوں کو منتقلی کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے صوبہ پنجاب میں گیس اور بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ سے پیدا ہونے والے صنعتی مسائل سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا اور انہیں یہ مسئلہ ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے شہباز شریف کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اوروزارتوں کی منتقلی کا معاملہ مشترکا مفادات کونسل کے پلیٹ فارم پر حل کرنے کی تجویز دی۔ وزیر اعظم نے شہباز شریف کو توانائی بحران کے حل کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔