11 اگست 2011
وقت اشاعت: 3:36
اندرون سندھ: وقفے وقفے سے بارشوں کاسلسلہ جاری،بجلی معطل
جنگ نیوز -
حیدرآباد ... کئی دنوں کی دعاوٴں کے بعد سندھ میں ابر رحمت برسا تو کچھ اس طرح کے سب کچھ جل تھل کردیا۔مگر اس کے ساتھ ہی دھل گئے واپڈا حکام اور ضلعی حکومتوں کے بلندو بانگ دعوے۔ناقص نظام اور بوسیدہ تار۔ بارش نہ سہ سکے اور کئی گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہی معطل ہوگئی۔حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ روز دو بجے معطل ہونے والی بجلی اب تک بحال نہ کی جاسکی ہے۔ لطیف آباد نمبر 2 ،7 ،8 ،11 اور حالی روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔جامشورو اور ٹنڈو الہ یار میں بھی گزشتہ کئی گھنٹوں سے بجلی غائب ہے اور نشیبی علاقے زیر آب ہیں۔ ایسا ہی حال ہوا ضلع میر پور خاص میں جہاں طوفانی بارش نے بجلی کا نظام درہم برہم کردیا۔ میر پور خاص شہر،تھر،نگرپارکر،چھاچھرو، ڈیپلو اور چھور میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ضلع ٹھٹھہ میں طوفانی بارشوں کے باعث نشیبی علاقے،قومی شاہراہ اور شاہی بازار سمیت کئی علاقے زیر آب آگئے۔جبکہ اکتیس گھنٹوں سے ضلع بھر میں بجلی غائب ہے۔