11 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:9
امریکی مسلمان ملک کی ترقی میں بھرپور حصہ لیں، شیلا جیکسن
جنگ نیوز -
ہیوسٹن، ٹیکساس ... راجہ زاہد اختر خانزادہ ... امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئرمین کانگریس وومین شیلا جیکسن نے کہا ہے کہ امریکی مسلمان نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ آگے آئیں اور امریکہ کی ترقی میں بھرپور حصہ لیں کیونکہ یہ ملک ہم سب کا ہے، وہ یہاں ہیوسٹن میں میئر ہوسٹن انیس پارکر کی جانب سے مسلمانوں کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنرکی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ شیلا جیکسن نے کہا کہ میں مسلمان ممالک میں آزادی کی جدوجہد کرنے والے افراد کیلئے بھی دعاگو ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں رہنے والا ہر امریکن چاہے وہ کسی بھی رنگ و نسل اور مذہب سے کیوں نہ ہوں وہ امریکہ سے محبت کرتاہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کوبنیاد بناکر امتیازی سلوک کسی صورت نہیں ہونا چاہئیے ۔ ہیوسٹن سے رکن کانگریس الگرین نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو رمضان شریف کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ماہ ہمیں صبرکی تلقین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں انسانیت مسائل میں جکڑی ہوئی ہے اور انکی فلاح و بہبود کیلئے ہم اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پولیس پاور بن کر نہیں بلکہ امن پاور بن کر خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان تلخ حقائق کو بھلاکر نئے سفر کا آغاز کرین۔ جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرت ہوئے کانگریس ممبر الگرین نے کہا کہ جیو ٹی وی اپنی کمیونٹی کی نہ صرف ٹیکساس بلکہ پوری دنیا میں رہنمائی اور مدد کررہا ہے اور جیو ٹی وی ورلڈ ٹی وی ہے۔ قبل ازیں ہیوسٹن کی ممبر انیس پارکر نے کہا کہ افطار ڈنر کی تقریب گذشتہ 10 سالوں سے ہر سال میئر آف ہیوسٹن کی طرف سے منعقد کی جاتی ہے تاکہ تمام کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لایا جاسکے۔ سابق کونسل ممبر اور ممتاز پاکستانی رہنما مسرور جاوید خان نے حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان کمیونٹی امریکہ کی ترقی اور فلاح و بہبود میں کسی طور پیچھے نہیں۔ افطار ڈنر کی تقریب میں 30 سے زائد تنظیموں نے حصہ لیا جبکہ 1509 سے زائد مسلمان مرد و خواتین نے شرکت کی۔ تقریب میں معروف امریکی فلم ڈائریکٹر مائیکل وولف کی جانب سے ”سلام ہیوسٹن“ نامی ڈوکیومنٹری بھی دکھائی گئی جس میں اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں مفصل رپورٹ موجود ہے۔ افطار ڈنر میں آغا خان کونسل کے رضاکار بھی موجود تھے۔ افطار ڈنر کی یہ تقریب اسلامک سوسائٹی آف گریٹر ہیوسٹن، کیئر ہیوسٹن اور ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی سمیت دیگر آرگنائزیشنوں کے تعاون سے منعقد کی گئی۔ تقریب سے اسلامک سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر عزیز صدیقی، کیئر کے صدر ڈاکٹر طارق حسین، ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ نے بھی خطاب کیا جبکہ دیگر مسلمان مقررین میں اسامہ کینن، ڈاکٹر محمدالگلمال نے بھی خطاب کیا۔