تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
15 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:7

کراچی،عید کے قریب آتے ہی لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ

جنگ نیوز -


کراچی…افضل ندیم ڈوگر…کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا سے دو افراد کی لاشیں ملیں جبکہ نارتھ ناظم آباد میں گھر اور مختلف علاقوں میں مسافر بسوں میں لوٹ مار کے دوران ایک نوجوان ہلاک جبکہ اس کی والدہ اور بہن سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے پولیس کے مطابق فیڈرل بی ایریا میں کسٹم کلب کے قریب سے رات گئے دو افراد کی ہاتھ پاوٴں بندھی لاشیں ملیں جن کی شناخت نہیں ہوسکی۔ نارتھ ناظم آباد بلاک ڈی میں آج صبح سویرے مزدوروں کے بھیس میں چھ مسلح ملزمان لئیق احمد کے گھر میں گھس گئے جنہوں نے اسلحہ کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا شور مچانے پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں نوجوان وقاص جاں بحق جبکہ اس کی والدہ زرینہ اور بہن مہوش زخمی ہوگئیں۔ گلشن اقبال میں حسن اسکوائر اور عیسیٰ نگری کے درمیان چار مسلح ملزمان نے بلال کوچ میں لوٹ مار کی۔ اس کے بعد انہیں ملزمان نے روٹ نمبر ڈی ون کی منی بس کے مسافروں کو یرغمال بنا کر لوٹ لیا۔ فرار ہونے کے دوران ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے 50 سالہ منور اور عبدالطیف اس کا ساتھی مسافر زخمی ہوگئے۔ مسافروں کے مطابق ملزمان قریبی کچی آبادی میں فرار ہوگئے۔ کٹی پہاڑی کے قریب روٹ نمبر ڈبلیو 22 کی منی بس میں لوٹ مار کے دوران دو مسافروں کو زخمی کردیا۔ جوں جوں عید قریب آرہی ہے کراچی میں ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہورہا ہے۔ وارداتوں کا شکار بننے والی بیشر شہری لوٹ مار کی وارداتوں کی رپورٹ ہی درج نہیں کراتے اور اگر ایف آئی آر درج کرانے کی کوشش کی بھی جائے تو پولیس موٴثر کارروائی نہیں کرتی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.