15 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:18
یوم آزادی پر شہری اعزازات کی فہرست پر سب حیران
جنگ نیوز -
کراچی…یوم آزادی پر شہری اعزازات کی فہرست نے سب کو حیران کردیا۔ سول ایوارڈز سے نوازے جانے والوں میں زیادہ تر پیپلز پارٹی کے اہم ارکان اور صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی اور بیوروکریٹس ہیں۔ ہر سال چودہ اگست کو اْن افراد کے ناموں کا اعلان کیا جاتا ہے جنھیں یوم پاکستان تئیس مارچ کو سول ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔ اس بار کابینہ سیکریٹریٹ سے جن ایک سو پچاسی افراد کی فہرست جاری کی گئی ہے ان میں نشان امتیاز کیلئے نامزدگیوں میں اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ، چیئرمین سینیٹ فاروق ایچ نائیک، وزیر داخلہ رحمان ملک ، پنجاب کے مقتول گورنر سلمان تاثیر اور صدر زرداری کے سیکریٹری جنرل سلمان فاروقی شامل ہیں۔ ہلال امتیاز کیلئے نامزدگیوں میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن فرزانہ راجا ، امریکا میں پاکستانی سفیر حسین حقانی ، ، بیت المال کے چیئرمین زمرد خان اور صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر شامل ہیں۔ ستارہ امتیاز کی نامزدگیوں پر نظر ڈالی جائے تو اْس میں بھی وزیر اعلیٰ سندھ کی مشیر شرمیلا فاروقی سمیت زیادہ تر شخصیات پیپلز پارٹی سے تعلق ہے۔ ستارہ امتیاز کیلئے متحدہ قومی مووٴمنٹ کی رکن قومی اسمبلی خوش بخت شجاعت سمیت صحافیوں کے نام بھی شامل ہیں۔ یہ اعزازات تمغوں کیساتھ دیے جاتے ہیں جبکہ پرائڈ آف پرفارمنس میں پانچ لاکھ روپے بھی ساتھ دیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ تمام پیپلز پارٹی ارکان کو عوام کی خدمت کے اعزاز میں مختلف کیٹگریز میں نامزد کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خود پیپلز پارٹی کے ارکان اتنی بڑی تعداد میں پارٹی کے لوگوں کے نام شامل کرنے پر خوش نہیں۔