15 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:18
کراچی،کئی گھنٹوں سے متعدد علاقے بجلی سے محروم،عوام کا احتجاج
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود فنی خرابیوں کے باعث غائب ہونے والی بجلی کی فراہمی تاحال بحال نہ ہوسکی۔ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق اسپیشل ٹاسک ٹیمیں فالٹس دور کرنے میں مصروف ہے۔فنی خرابیوں کے باعث بجلی کے طویل تعطل کا شکار ہونے والے علاقوں میں گلزار ہجری، نارتھ ناظم آباد بلک آئی ، میٹرول تھری، ابوالحسن اصفہانی روڈ، بفرزون ، کورنگی نمبر 5جے ایریا، کھارادر،لیاری اور دیگر شامل ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق متعدد بار شکایت درج کئے جانے کے باوجود کے ای ایس سی اک عملہ فالٹس پر قابو نہیں پارہا۔ بجلی کی عدم فراہمی کے باعث مکینوں نے سحری میں اندھیرے میں گزاری۔ذرائع کے مطابق بیشتر علاقوں میں تار گرنے، پی ایم ٹی خراب ہونے ،کیبل فالٹس اور فیڈر ٹرپنگ کے باعث بجلی تاحال منقطع ہے۔گزشتہ روز بعض علاقوں میں مشتعل افراد نے احتجاج کیا اور کے ای ایس سی کے عملے پر پتھراوٴ بھی کیا۔ذرائع کے مطابق کے ای ایس سی کا عملہ متاثرہ علاقو ں میں تحفظ نہ ملنے کے باعث کام نہیں کررہا۔جبکہ ترجمان کے ای ایس سی کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں تاحال بجلی بحال نہیں ہوسکی وہاں اسپیشل ٹاسک ٹیمیں فالٹس دور کرنے میں مصروف ہیں۔ترجمان کے مطابق شہر میں تین سے ساڑھے چار گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ترجمان کے مطابق یونین کی جانب سے آج کے ای ایس سی کے دفاتر کی جبری بندش کے باعث شہر بھر میں صارفین کو پریشانی کا سامناہے اورمرمتی کاموں میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔