تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
15 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:18

بدعنوانی ملک کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے،بھارتی وزیر اعظم

جنگ نیوز -
نئی دہلی…جنگ نیوز…بھارت کے وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ بدعنوانی ملک کی ترقی میں بہت بڑی رکاوٹ ہے لیکن اس کا خاتمہ کسی ایک بڑے قدم سے ممکن نہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق یوم آزادی کے موقع پردہلی کے لال قلعہ میں خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا یہ مانتی ہے کہ بھارت میں ایک بہت بڑی اقتصادی طاقت کے طور پر ابھرنے کی اہلیت ہے لیکن ہماری ترقی کے راستے میں بدعنوانی ایک بہت بڑی رکاوٹ ہے۔انہوں نے کہا گزشتہ چند ماہ میں بدعنوانی کے کئی مقدمے سامنے آئے ہیں جن میں کچھ معاملات میں مرکزی حکومت کے لوگوں پر الزام ہے جبکہ کچھ دیگر معاملات میں مختلف ریاستی حکومت کے لوگوں پر بھی الزام لگے ہیں اور یہ ضروری ہے کہ ہم بدعنوانی کے خلاف لڑائی جاری رکھیں لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ جب ان مسائل پر غور کریں تو ایسا ماحول پیدا نہ ہو کہ ملک کی ترقی پر ہی سوال اٹھنے لگیں۔بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کرپشن کے خاتمے کیلئے آزاد ادارہ قائم کرنا چاہتی ہے لیکن اس کا فیصلہ پارلیمنٹ ہی کر سکتی ہے، اس سلسلے میں بھوک ہڑتال کا راستہ اختیار نہیں کرنا چاہیے۔بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر دارالحکومت نئی دہلی اور کئی دیگر شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔بھارتی وزارتِ داخلہ نے سکیورٹی الرٹ بھی جاری کیا ہے جس میں خاص طور پر دہلی ، بنگلور ، چنائی ، کولکتا اور ممبئی میں پولیس کو انتہائی چوکنا رہنے کا حکم دیا گیا ہے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.