15 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:51
راجرز کپ ٹینس :جوکووچ اورسرینا ولیمزنے ٹائٹل اپنے نام کرلیے
جنگ نیوز -
ٹورنٹو…جنگ نیوز…سربیا کے نامور ٹینس اسٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ نے راجرز کپ ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا جبکہ خواتین کا سنگلز ایونٹ امریکا کی شہرہ آفاق ٹینس اسٹار اور سابق عالمی نمبرایک سرینا ولیمز نے اپنے نام کیا۔نوویک جوکووچ نے رواں سال اپنی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے نواں ٹائٹل اپنے نام کیا جس میں دو گرینڈ سلام بھی شامل ہیں ۔کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں کھیلے گئے فائنل میں ٹاپ سیڈ نوویک جوکووچ نے امریکہ کے میر ڈی فیش کو 6-2، 3-6اور 6-4سے ہرا کر راجرز کپ ٹینس ٹورنامنٹ کا مینز سنگلز ایونٹ اپنے نام کیا۔ کینیڈا کے شہر مونٹریال میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز کے فائنل میں امریکا کی سرینا ولیمز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی سمانتھا سٹوسر کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4اور 6-2 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ سرینا ولیمز نے کینیڈا میں 2001ء کے بعد پہلا ٹائٹل جیتا ہے ۔ واضح رہے کہ سریناولیمز 13گرینڈ سلام جیت چکی ہیں۔