15 اگست 2011
وقت اشاعت: 17:3
دریائے چترال میں شدید طغیانی ،مکانات منہدم، فصلیں ،باغات تباہ
جنگ نیوز -
چترال…دریائے چترال میں شدید طغیانی کے باعث متعدد دیہات میں کئی مکانات منہدم، سڑکیں بلاک اور کروڑوں کی فصلیں اور باغات تباہ ہوگئے۔ دریائے چترال میں طغیانی سے دریا سے متصل علاقوں کا کٹاوٴ مسلسل جاری ہے۔ دریا کا رخ تبدیل ہونے سے جوٹی لشٹ، دنین ، استارو، پرپش، گرین لشٹ، ریشن، بونی ، جنالکوچ اور سرغوز کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ان علاقوں میں متعدد رہائشی مکانات، باغات اور فصلیں دریا برد ہوئے اور متاثرین کو کروڑوں کا نقصان ہوا ہے۔ سیلاب سے بچاوٴ کے لئے مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے دریا کی بپھری موجیں قرب و جوار کی آبادیوں کو ملیامیٹ کر رہی ہیں۔ جنالکوچ کی نہر دریا برد ہونے کی وجہ سے پورے علاقے میں پینے کا پانی ناپید ہے اور کھڑی فصلیں اور باغات تباہ ہونے کا خطرہ ہے۔ متاثرین نے شکایت کی ہے کہ انہیں حکومت کی طرف سے اب تک کوئی ریلیف نہیں ملا۔