15 اگست 2011
وقت اشاعت: 17:14
پی آئی اے عمرہ پر وازیں تاخیر کا شکار،احرام کی حالت میں مسافر پریشان
جنگ نیوز -
کراچی… پی آئی اے کی عمرہ پروازوں اور معمول کی پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہے، پروازوں میں گھنٹوں کی تاخیر عام بات بن گئی ہے۔ تاخیر کی زیادہ تر وجہ فنی خرابی بتائی جاتی ہے ، ایم ڈی پی آئی اے کیپٹن ندیم یوسف زئی نے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔گزشتہ ایک ہفتے سے پی آئی اے کی خصوصی عمرہ پروازیں مسلسل چھ سے12 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہورہی ہیں ، اس صورتحال میں روزے اور احرام کی حالت میں عمرہ زائرین سخت اذیت کا شکار ہیں۔ کراچی سے جدہ کی پرواز پی کے7469کی روانگی میں15 گھنٹے تاخیر ہوئی ، کراچی سے ہی جدہ کی پرواز پی کے 731 جسے کل روانہ ہونا تھا آج 12 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔ جدہ سے لاہور کی پرواز پی کے760 کی آمد میں چھ گھنٹوں کی تاخیر ہوئی ، لاہور جدہ لاہور کی پروازیں پی کے 7639 اور 7640 بھی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔ اندرون ملک اور دیگر بین الاقوامی روٹس پر بھی پی آئی اے کی اکثر پروازوں کی یہی حالت ہے۔ایئرلائن ذرائع کے مطابق زیادہ پروازیں طیاروں میں فنی خرابی کی وجہ سے تاخیر سے دوچار ہیں۔ ادھر پی آئی اے کے ترجمان کا کہناہے کہ منیجنگ ڈائرکٹر پی آئی اے کیپٹن ندیم یوسف زئی نے پروازوں میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارووائی کی ہدایت کی ہے۔