16 اگست 2011
وقت اشاعت: 7:40
کراچی،فائرنگ کے مختلف واقعات میں5افراد ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں فائرنگ کے تازہ واقعات میں مزید5 افراد ہلاک ہوگئے۔ گذشتہ روز بھی فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں 6 افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ حسن اسکوائر کے قریب مسلح ملزمان نے ایک گاڑی پر چاروں سمت سے فائرنگ کردی گاڑی فائرنگ کے بعد ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کوچنگ سینٹر کی دیوار سے ٹکراگئی، فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت 40 سالہ امان اللہ اور 30 سالہ اخلاص کے نام سے ہوئی ہے ،پولیس نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ قرار دے کر تفتیش شروع کردی ہے۔ رابطہ کرنے پر پولیس حکام نے بتایا کہ مقتولین ٹرانسپورٹ کے کاروبار سے وابستہ تھے،،ادھر پی آئی بی کالونی کے علاقے میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے سیاسی جماعت کے کارکن کے بھائی امجد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا،مقتول کی لاش کو پولیس کاروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا،اورنگی ٹاوٴن سیکٹر 4 میں ماربل فیکٹری کے قریب مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا ۔پولیس کے مطابق اورنگی ٹاوٴن سیکٹر فور ایف سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ دوسری جانب جوں جوں عید قریب آرہی ہے کراچی میں ڈکیتی ، رہزنی اور مسافر بسوں میں لوٹ مار کی وارداتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہورہا ہے۔ وارداتوں کا شکار بننے والے بیشر شہری لوٹ مار کی وارداتوں کی رپورٹ ہی درج نہیں کراتے اور اگر ایف آئی آر درج کرانے کی کوشش کی بھی جائے تو پولیس موثر کارروائی نہیں کرتی۔