16 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:47
سرفراز شاہ قتل کیس کا فیصلہ سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج
جنگ نیوز -
کراچی…سرفرازشاہ قتل کیس میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے سزاپانے والے افسر خان نے فیصلے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔عدالت نے مقدمے میں ایک ملزم کو سزائے موت اور باقی چھ ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔سندھ ہائی کورٹ میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل افسر خان کے وکیل عامر وڑائچ ایڈووکیٹ نے دائر کی۔انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج بشیر احمد کھوسو نے مقدمے کے مرکزی ملزم رینجرز اہلکارشاہد ظفر کو سزائے موت اور باقی ملزمان میں رینجرز اہلکار محمد افضل ، محمد لیاقت، منٹھار علی ،بہاء ْالدین، محمد طارق اور چوکیدار افسر خان کو عمرقید کی سزا سنائی تھی۔عدالت نے شاہد ظفر پر دو لاکھ اور باقی چھ ملزمان پر ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا ،یہ جرمانہ سرفرازشاہ کے لواحقین کو ادا کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق دیگر ملزمان کے وکلاء بھی عدالتی فیصلے کو چیلنج کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل 19اگست تک داخل کی جاسکتی ہے۔