16 اگست 2011
وقت اشاعت: 13:30
ہیگ،کشمیر ای یو کے زیراہتمام بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاج
جنگ نیوز -
ہیگ… رضا چوہدری...کشمیرکونسل ای یو نے بھارت کے قومی دن کویوم سیاہ کے طورپر منایا اور اس سلسلے میں ہالینڈمیں قائم کشمیرسینٹرکے تعاون سے ہیگ میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرکیا۔مظاہرے میں بڑی تعدادمیں لوگوں نے شرکت کی اورکشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کااظہارکیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھارکھے تھے اور مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین کونسل علی رضاسید نے مظاہرے کی قیادت کی،اس موقع پر کشمیرکونسل ای یو کے ایک بیان میں کہاگیاہے کہ ہم دنیاکو بتادیناچاہتے ہیں کہ ہم بھارتی کے قومی دن کو کیوں یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہیں۔انہوں نے پوری دنیامیں موجود کشمیری اور ان کے ہمدردوں سے اپیل کی ہے کہ جب تک کشمیربھارت کے چنگل سے آزادنہیں ہوجاتا،اپنے اپنے ممالک میں بھارتی کے قومی دن کو یوم سیاہ کے طورپر منائیں۔