16 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:57
موسلادھار بارش :خانپور ڈیم میں پانی کی آمد میں ریکارڈ اضافہ
جنگ نیوز -
ہری پور… موسلادھار بارشوں سے خانپور ڈیم میں گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران پانی کا ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا، ڈیم میں پانی خطرہ کے نشان سے صرف 10 فٹ نیچے رہ گیا، مزید بارشیں ہوئیں تو ڈیم سے اضافی پانی کے اخراج کیلئے اسپل وے گیٹ کھولے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق خانپور کے پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارشوں سے خانپور ڈیم میں پانی کی سطح میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران ڈیم میں پانی کی سطح میں چار فٹ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ڈیم میں پانی کی سطح بڑھ کر1972 فٹ تک جا پہنچی ہے۔ ماہرین کے مطابق خانپور ڈیم میں پانی خطرہ کے نشان سے صرف 10 فٹ نیچے رہ گیا ہے اور اگر ڈیم میں پانی کا لیول 1982 فٹ تک پہنچ جائے تو اضافی پانی کے اخراج کیلئے سپل وے کھولے جاتے ہیں۔ ماہرین نے امکان ظاہر کیا ہے کہ اگر چند اچھی بارشیں مزید ہوئیں تو خانپور ڈیم میں رواں سال بھی سپل وے گیٹ کھول کر اضافی پانی کے اخراج کی نوبت آ سکتی ہے۔ گذشتہ روز خانپور ڈیم میں پانی کی آمد 819 کیوسک تھی جبکہ راولپنڈی/اسلام آباد سمیت زرعی ضروریات کیلئے ڈیم سے پانی کا اخراج 122 کیوسک تھا۔