16 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:57
ترقی کیلئے قلیل المدتی فنڈز کی فراہمی میں توازن ضروری ہے،آئی ایم ایف
جنگ نیوز -
واشنگٹن… بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لیگارڈے نے حکومتوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اخراجات میں کمی اور اقتصادی ترقی کیلئے قلیل المدتی فنڈز کی فراہمی میں توازن قائم کریں۔اپنے ایک مضمون میں انہوں نے کہا کہ اخراجات میں کمی اور اقتصادی ترقی کیلئے کثیر المدتی فنڈز کی فراہمی میں توازن کا عمل کساد بازاری کی دوہری مار سے بچنے کے لیے ضروری ہے۔ اسی طرح دنیا میں اقتصادی استحکام کیلئے قرضوں کی شرح میں کمی کیلئے بھی اقدامات کی ضرورت ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر اخراجات میں بہت تیزی سے کمی کی گئی تو اس کا اثر ملازمتوں پر پڑ سکتا ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے کی سربراہ نے کہا ہے کہ حصص بازار اقتصادی استحکام کی ستائش تو کرتا ہے لیکن اسے ترقی میں کمی بھی پسند نہیں ہے۔ اگرچہ عالمی معیشت پر لوگوں کے اعتماد میں کمی ہوئی ہے لیکن ابھی ساری پالیسیوں کو لاگو کر کے نہیں دیکھا گیا۔