تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
16 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:57

خوراک کی قیمتوں میں اضافہ، غریب ملکوں میں صورتحال خراب

جنگ نیوز -
واشنگٹن … عالمی بینک نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر خوراک کی قیمتوں میں عدم استحکام اور ان میں مسلسل اضافے سے ترقی پذیر ممالک میں غربت کے شکار لوگوں کیلئے خطرات پیدا ہو رہے ہیں جبکہ افریقہ کے بعض علاقوں میں قحط کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ بات عالمی بینک نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں کہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ جولائی میں دنیا بھر میں خوراک کی اوسط قیمتوں میں پچھلے ایک سال میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مکئی کی قیمت میں 84 فیصد، گندم میں 55 اور چینی کی قیمت میں 62 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ عالمی بینک کے صدر رابرٹ زویلک نے بتایا کہ خوراک کی مقدار میں کمی اور قیمتوں میں مسلسل گرانی سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ خطرات اب بھی ہیں اور خاص طور پر غریب طبقات زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق خوراک کی پیداوار برسوں میں سب سے کم ریکارڈ کی گئی ہے اور خوراک اور توانائی کی اضافی قیمتوں سے سب سے زیادہ نقصان ترقی پذیر ممالک کے غریبوں کو اٹھانا پڑا ہے۔ 70ء کی دہائی کے بعد مکئی کی پیداوار، طلب کی نسبت تیرہ فیصد کم ریکارڈ کی گئی جبکہ گندم اور چاول کی پیداوار بھی برسوں میں سب سے کم رہی۔ خوراک کی مسلسل کمی نے ایسے حالات پیدا کر دیئے ہیں کہ پیداوار میں قلیل مدتی قلت سے بھی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہو رہا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.