16 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:26
تیسرا ون ڈے:سری لنکا نے آسٹریلیا کو 78رنز سے ہرادیا
جنگ نیوز -
ہمبنٹوٹا،سری لنکا…سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان یہاں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے کینگروز کو 78رنز سے شکست دے کر ایک بار پھر سیریز میں واپس آنے کی کوشش کی ہے، واضح رہے کہ پہلے دونوں ایک روزہ میچز کینگروز اپنے نام کرچکے ہیں۔اس سے قبل کینگروز قائد مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر آئی لینڈرز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر آئی لینڈرز نے اپنے مقررہ 50اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 286رنز کا مجموعہ ترتیب دیا اس طرح کینگروز کو جیت کے لیے 287رنز درکار تھے۔آئی لینڈر اوپنر تھارنگا 111،کپتان دلشان 55اور سابق کپتان سنگا کارا نمایاں بیٹسمین تھے۔کینگروز کی جانب سے بولینجر سب سے کامیاب بولرثابت ہوئے اور انھوں نے چار وکٹیں اپنے نام کیں۔انکے علاوہ جانسن اور شین واٹسن نے دو دو جبکہ بریٹ لی نے ایک وکٹ لی۔جواب میں کینگروز ،دلشان اینڈ کمپنی کے تابڑ توڑ حملوں کا سامنا نہ کرسکے اور پوری ٹیم 44.2اوورز میں208رنز پر ڈھیر ہوگئی۔سوائے مائیک ہسی 63اور کپتان کلارک 46کے کوئی دوسرا بیٹسمین زیادہ دیر آئی لینڈرز کے سامنے نہ ٹک سکا۔لسیتھ مالنگا نے پانچ وکٹیں لیکر کینگروز کی شکست میں اہم کردار ادا کیا۔انکے علاوہ ایرانا نے دو جبکہ کولاسکیرا اور مینڈز نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔تھارنگا کو انکی شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔