17 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:32
سیلابی ریلوں نے بدین کے بعد ٹھٹھہ کا رخ کرلیا
جنگ نیوز -
بدین ... سیلابی ریلوں نے بدین کے بعد ٹھٹھہ کا رخ کرلیا ہے۔پانی کے دباوٴ نے ضلع ٹھٹھہ کے تین بڑے سیم نالوں میں شگاف ڈال دیے جنھیں پر کرنے کے لیے مرمتی کام تاحال شروع نہیں کیا جاسکا۔بدین میں تا حال سیم نالوں کے شگاف سے پانی کا اخراج جاری ہے۔بدین سے آنیوالے برساتی پانی نے ٹھٹھہ کی تحصیل جاتی اور میرپور بٹھورو کے تین بڑے سیم نالوں میں آٹھ مقامات پر شگاف ڈال دیے جس سے پچاس سے زائد دیہات زیر آب آگئے۔ جبکہ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی کپاس ،چاول اور دیگر فصلیں تباہ ہوگئیں۔ سیکڑوں افراد اپنی مدد آپ کے تحت متاثرہ علاقوں سے نکل کر جاتی چوک کے دو سرکاری اسکولوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔بدین میں موسلادھار بارشوں کے بعد سیم نالوں میں پڑنے والے شگافوں سے سات روز گزرنے کے بعد بھی پانی کا اخراج جاری ہے۔اور کسی قسم کا مرمتی کام اب تک شروع نہیں کیا گیا۔ہزاروں متاثرین ضلعی حکومتوں کی جانب سے قائم ریلیف کیمپوں میں منتقل ہوگئے ہیں۔