17 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:54
کراچی : فائرنگ سے تین افراد زخمی، علاقہ مکینوں کا احتجاج
جنگ نیوز -
کراچی : فائرنگ سے تین افراد زخمی، علاقہ مکینوں کا احتجاج
کراچی…کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاوٴن میں گینگ وار ملزمان کی فائرنگ سے تین افراد کے زخمی ہونے کے بعد علاقہ مکینوں کی جانب سے بلدیہ ٹاوٴن تھانے کا گھیراوٴ کرکے احتجاج کیا گیا،بلدیہ ٹاوٴن نمبر تین مین گزشتہ روز سڑک سے گزرتے ہوئے مسلح ملزمان نے بازار میں فائرنگ کرکے تین افراد کوزخمی کردیا تھا جس کے بعد رات گئے علاقہ مکینوں نے پولیس سے ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ایس ایچ او بلدیہ ٹاوٴن کی جانب سے انہیں مناسب جواب نہ دیئے جانے کے بعد مظاہرین مشتعل ہوگئے اور انہوں نے تھانہ بلدیہ ٹاوٴن کا گھیراوٴ کرلیا۔اسی دوران مظاہرین کی جانب سے ایس ایچ او بلدیہ ٹاوٴن کی معطلی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔علاقہ مکینوں نے دعویٰ کیا کہ ایس ایچ او بلدیہ ٹاوٴن گینگ وار سے وابستہ ملزمان کی پشت پناہی کررہے ہیں ،لہٰذا انہیں فوری معطل کیا جائے۔امن ومان کی صورتحال کے پیش نظر تھانے کے اطراف میں پولیس و رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا، جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔جیو نیوز کی ٹیم کی جانب سے کوریج کیلئے بلدیہ ٹاوٴ تھا نے پہنچنے کے بعد ایس ایچ او بلدیہ نے کیمرے پر اپنا موٴقف دینے سے انکار کردیا۔