17 اگست 2011
وقت اشاعت: 5:39
متحدہ عرب امارات میں250پاکستانی قیدیوں کی سزا معاف
جنگ نیوز -
کراچی…رفیق مانگٹ…متحدہ عرب امارات کی مختلف جیلو ں میں قید تقریباً250 پاکستانیوں کی سزا کورمضان کے مقدس مہینے میں معاف کر دیا جائے گا۔یو اے ای کی تمام ریاستوں کی مختلف جیلوں میں 250پاکستانی قیدیوں کو عرب حکمرانوں نے معافی دی ہے جس پر پاکستان کے سفارت خانے نے ان کا شکریہ ادا کیا ۔ اخبار’گلف ٹوڈے‘ کی رپورٹ کے مطابق دبئی میں پاکستان قونصل خانے کی طرف سے جاری بیان میں پاکستان کے سفیر جمیل احمد خان اور پاکستان کے قونصل جنرل طارق اقبال سومرو نیمتحدہ عرب امارات کے صدر اور ابو ظہبی کے حکمران شیخ خلیفہ بن زاید النہیان ،متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المختوم اور متحدہ عرب امارات کی دیگر ریاستوں کے حکمرانوں کا پاکستانی قیدیوں کو معاف کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔ قیدی مختلف کیٹیگریوں سے تعلق رکھتے تھے اور متحدہ عرب امارات کی جیلوں میں سزا کے مختلف ادوار کا سامنا کر رہے ہیں۔کئی قیدیوں کے مقدمات معافی کے لئے حکمرانوں کو پیش کیے گئے۔پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ انہوں وزارت داخلہ کو یاد دہانی کرائی ہے ایسے مجرموں کی منتقلی کے معاہدے کو حتمی شکل دی جائے جنہیں متحدہ عرب امارات میں سزا سنائی جاچکی ہے ۔جب معاہدے پر دستخط ہوجائیں گے تو اس کے بعد متحدہ عرب امارات میں تمام پاکستانی قیدیوں کے لیے یہ مو قع ہوگا کہ وہ اپنی باقی ماندہ سزا کو پاکستان میں آبائی شہر میں پوری کرسکتا ہے۔