17 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:44
امریکا اور جنوبی کوریا کی سالانہ مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز
جنگ نیوز -
واشنگٹن / سیول…جنگ نیوز…امریکا اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے انتباہ کے باوجو د اپنی سالانہ مشترکہ فوجی مشقوں کا آغازکر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کی کمبائنڈ فورسز کمانڈ (سی ایف سی)نے کہا کہ کمپیوٹرز کی مدد سے کی جانے والی 10 روزہ مشق کا مقصد شمالی کوریا کی جانب سے کسی بھی ممکنہ حملے کی صورت میں جنوبی کوریا کی دفاعی صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔سی ایف سی کے کمانڈر اور امریکی جنرل جیمس ڈی تھورمن نے کہا کہ دونوں ممالک کی افواج عراق اور افغانستان میں حاصل ہونے والے تجربات کے علاوہ شمالی کوریا کی حالیہ جارحانہ کارروائیوں کے نتائج کی روشنی میں یہ مشقیں انجام دے رہی ہیں۔گزشتہ ہفتے شمالی کوریا نے مذکورہ فوجی مشق ملتوی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے ان کوششوں کو نقصان پہنچے گا جو شمالی کوریا کو اپنے جوہری ہتھیاروں کا پروگرام ترک کرنے کے لیے مذاکرات پر آمادہ کرنے کے لیے کی جارہی ہیں۔