17 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:30
لیہ:پولیس حراست میں ملزم کی ہلاکت کیخلاف احتجاج ، تھانے پر حملہ
جنگ نیوز -
لیہ … لیہ میں چوری کے الزام میں زیرحراست ملزم کی مبینہ پولیس تشدد سے ہلاکت کے خلاف اہل علاقہ نے تھانہ میں توڑ پھوڑ کی اور کئی موٹرسائیکلوں کو آگ لگادی۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں ڈی ایس پی سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے تھانہ فتح پور میں موٹرسائیکل چوری کے الزام میں زیر حراست ملزم اللہ دتہ کی پراسرار ہلاکت کے بعد ورثا اور اہل محلہ مشتعل ہوگئے اور انہوں نے تھانہ کا گھیراوٴ کرلیا۔ مشتعل مظاہرین نے تھانہ میں توڑ پھوڑ کی اور ہاتھ آنے والے ایک کانسٹیبل صدیق کو تشدد کا نشانہ بناڈالا۔پیٹی بند بھائی کو چھڑانے کے لئے پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی۔ مظاہرین اور پولیس کے درمیان آنکھ مچولی میں ڈی ایس پی سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ مظاہرین نے تھانہ میں داخل ہو کر تھانہ میں توڑپھوڑ کی اور تھانہ میں موجودفرنیچر اور کئی موٹرسائیکلوں کو آگ لگادی۔ ڈی پی او نے مظاہرین کے مطالبہ پر ایس ایچ او سمیت 7 اہل کاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔