17 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:53
پولیس نے انا ہزارے کے تمام مطالبات مان لئے،بھارتی ٹی وی
جنگ نیوز -
نئی دہلی...بھارتی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے سماجی کارکن انا ہزارے کے تمام مطالبات مان لیے ہیں۔بھارتی ٹی وی کے مطابق انا ہزارے کے حامیوں اور پولیس کے درمیان مذاکرات ہوئے۔پولیس کا موقف تھا کہ انا ہزارے اور ان کی ٹیم صرف 5 دن کی بھوک ہڑتال کرسکتی ہے۔ انا ہزارے کی ٹیم کا موقف تھا کہ انھیں ایک ماہ تک بھوک ہڑتال کی اجازت دی جائے جبکہ انا ہزارے کی ٹیم ہڑتال کی جگہ تبدیل کرنے کے لیے بھی تیار ہوگئی ہے۔ انا ہزارے کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ہزاروں افراد نے انڈیا گیٹ پر احتجاج مظاہرہ کیا۔ ادھر نئی دلی میں بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کی لوک سبھامیں تقریر کے دوران اپوزیشن نے ہنگامہ آرائی کی۔ بھارتی وزیراعظم نے لوک سبھا میں اپنے تقریر میں اناہزارے کی گرفتاری کا دفاع کیا۔بی جے پی کا کہنا تھا کہ حکومت جمہوریت کو دبانے کی کوشش کررہی ہے اور من موہن سنگھ اناہزارے کی گرفتاری کی وضاحت کریں۔ بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پولیس کے پاس انا کی گرفتاری کے علاوہ کوئی دوسراآپشن نہیں تھا۔ اپوزیشن بی جے پی نے سماجی کارکن انا ہزارے کی گرفتاری کے خلاف ملک گیر مظاہروں کا اعلان کردیا ہے۔