17 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:0
کراچی گینگ وار کا شکار،سابق رکن قومی اسمبلی سمیت16افراد جاں بحق
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں اولڈ سٹی ایریازبدھ کومقتل گاہ بنے رہے، میٹھادر، کھارادر اور بھیم پورہ سمیت دیگر علاقوں میں فائرنگ ، راکٹ اور دستی بم حملوں میں پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے واجہ کریم داد اور نوجوان لڑکی سمیت 9 افراد کو قتل کر دیا گیا، جس کے بعد 24 گھنٹوں کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد16 تک جا پہنچی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی واجہ کریم داد کوعین افطارکے وقت اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ڈاکس تھانے کے قریب دوستوں کے ہمراہ روزہ کھول رہے تھے۔ فائرنگ میں واجہ کریم داد اپنے ساتھیوں صدر الدین، محمد یوسف، عبدالستار اور ایک نامعلوم شخص جاں بحق ہو گئے جبکہ اس سے کچھ ہی فاصلے پر بھی مسلح موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے 4 افراد کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ واجہ کریم داد اور ساتھیوں کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں لوگوں ایک بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد پاک کالونی میں مشتعل افراد نے ایک موٹرسائیکل اور دو گاڑیوں کو بھی آگ لگادی۔ دوسرا اندوہناک واقعہ بھیم پورہ میں پیش آیا جہاں دہشت گردوں نے راکٹ اور دستی بم کے حملے کیے جس میں 20 سالہ لڑکی اوشا، دھیراج اور تیج پال جاں بحق ہو گئے جبکہ واقعہ میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے جنھیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا،جن میں سے ایک شخص کی حالت نازک ہے۔ راکٹ اور دستی بم حملوں کے بعد بھیم پورہ اور رسالہ کے علاقوں میں کشیدگی ہے۔ بلدیہ ٹاوٴن بھی ان ہنگاموں کی زد میں آگیاہے جہاں 24 مارکیٹ کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص عبدالغفار کو ہلاک کر دیا۔ فائرنگ کے مختلف واقعات میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے جنھیں سول اور عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ فائرنگ کے واقعات کے بعد مسلح افراد نے ایک ٹرک کو بھی جلا دیا۔ اس سے قبل لیاری سے اغوا ہونے والے 5نوجوانوں کی بوری بند لاشیں شہر کے مختلف علاقوں سے برآمد ہوئیں تھی۔ لیاری اور اس سے ملحقہ اولڈ سٹی ایریاز میں کشیدگی برقرار ہے اور پولیس و رینجرز قدرے محفوظ علاقوں میں تعینات کر دی گئی ہے۔