17 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:12
میرپورخاص ،ٹھٹھہ کے سیم نالوں میں شگاف،دو درجن دیہات زیر آب
جنگ نیوز -
حیدر آباد…میرپورخاص اور ٹھٹھہ کے سیم نالوں میں 10 نئے شگاف پڑنے سے نوکوٹ،ڈیپلو، میرپور بٹھورو اور جاتی تحصیلوں کے مزید دو درجن دیہات زیر آب آگئے ہیں،ٹنڈومحمد خان شہر سے بارش کا پانی نکل جانے کے بعد پورا شہر کیچڑ سے بھرا ہوا ہے جبکہ پانی میں ڈوبے سینکڑوں دیہات میں امدادی کارروائی برائے نام بھی شروع نہ ہوسکی۔آب پاشی ذرائع کے مطابق نوکوٹ کے قریب آر ڈی 261 کے مقام پر ایل بی او ڈی سیم نالے میں بیک وقت دو شگاف پڑے،مشرقی کنارے پر 100 فٹ جبکہ مغربی کنارے پر 50 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے نوکوٹ اور ڈیپلو تحصیلوں کے ایک درجن سے زائد دیہات اور سینکڑوں ایکڑ اراضی زیر آب آگئی،متاثرہ علاقوں سے کئی لوگ اپنی مدد آپ محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکے ہیں تاہم پانی میں پھنسے ہزاروں افراد تاحال امداد کے منتظر ہیں،ادھر ضلع ٹھٹھہ کے سیم نالوں میں بھی آٹھ نئے شگاف پڑنے سے مزید ایک درجن دیہات زیر آب آگئے،بدین سے آنے والے برساتی پانی اور پانچ سیم نالوں میں مجموعی طور پر 16 شگاف پڑنے سے ضلع ٹھٹھہ میں 80 دیہات کے علاوہ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی چاول، کپاس، گنے کی فصل اور سبزی کے باغات تباہ ہوگئے ہیں، چار روز کے بعد ضلعی انتظامیہ نے مزید 6 ریلیف کیمپ قائم کرنے کا اعلان تو کیا ہے تاہم ریسکیو آپریشن کہیں بھی نظر نہیں آرہا،دوسری جانب ٹنڈو محمد خان شہر سے بارش کا پانی نکل جانے کے بعد شہر بھر کیچڑ سے بھرا ہوا ہے،جبکہ شہر کے اطراف پانی میں ڈوبے ہوئے متعدد دیہات میں بھی امدادی کارروائی شروع نہیں ہوسکی،اسپتال ذرائع کے مطابق صرف چار روز کے دوران پیٹ اور جلد کی بیماریوں میں مبتلا 15 سو سے زائد افراد کو ڈسٹرکٹ اسپتال لایا گیا ہے،جن میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔