17 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:24
بھتہ نہ دینے پر قتل و غارتگری کا سلسلہ بند کرایاجائے ، رابطہ کمیٹی
جنگ نیوز -
کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کی مختلف مارکیٹوں میں گینگ وار کے دہشت گردوں کی جانب سے بھتہ کی پرچیاں تقسیم کرنے اور بھتہ نہ دینے کی پاداش میں قتل و غارتگری کا سلسلہ فی الفور بند کرایاجائے اور گینگ وار کے مسلح دہشت گردوں کو لگام دی جائے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گینگ وار کے دہشت گردوں کی شہر بھر میں کھلے عام اور دیدہ دلیری کے ساتھ بھتہ وصولی کی کارروائیوں نے تاجروں، دکانداروں ، صنعتکاروں اور کاروباری حضرات کو عدم تحفظ کا شکار کردیا ہے ،رمضان المبار ک کے مہینے میں بھی بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کرکے دکانیں بند کروا رہے ہیں ، دستی بموں سے دکانداروں کو نشانہ بنارہے ہیں جبکہ دوسری جانب گینگ وار کے دہشت گردوں کی کھلے عام بھتہ وصولی کی کارروائیوں پر تاجر اور کاروباری حضرات میں شدید بے چینی اور مایوسی پائی جارہی ہے اور وہ اپنے کاروبار بند کرکے احتجاج پر مجبور ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ تاجروں اور دکانداروں کے احتجاج کے باوجود بھی گینگ وار کے دہشت گردوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہ لانا انتہائی مایوس کن ہے اور شہر کو جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے حوالے کرنے کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے گینگ وار کے مسلح دہشت گردوں کی جانب سے بھتہ وصولی سے متاثرہونے والے تاجروں اور دکانداروں سے دلی وہمدردی اور یکجہتی کااظہار بھی کیا ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرادری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ،وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور وزیرداخلہ سندھ منظور وسان سے مطالبہ کیا کہ شہر میں تاجروں ، دکانداروں اور صنعتکاروں سے گینگ وار کے دہشت گردوں کی بھتہ وصولی کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجاے ، شہر کی معاشی ، کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں پر قدغن لگانے کا عمل فی الفور بند کرایاجائے اور گینگ وار کے دہشت گردوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لاکر تاجروں ، دکانداروں اور صنعتکاروں کا تحفظ یقینی بنایاجائے ۔