17 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:24
امریکی قونصل جنرل پشاور کاافطار ڈنر،گورنر ،وزیر اعلیٰ کی عدم شرکت
جنگ نیوز -
پشاور…پشاور میں امریکی قونصل جنرل نے گورنر اور وزیر اعلیٰ سمیت اراکین اسمبلی کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا۔ مگر صرف سات افراد نے دعوت میں شرکت کی۔پشاور میں امریکی قونصل جنرل مری رچرڈز کی طرف سے گورنر مسعود کوثر اور وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی سمیت 59 اراکین اسمبلی اور سیاست دانوں کو افطار ڈنر پر بلایا گیا تھا، تاہم صرف سات افراد ہی افطار کے لئے قونصل خانے پہنچے۔ امریکی قونصل جنرل کے ڈنر میں شرکت کرنے والوں میں پیپلز پارٹی کے سینئر وزیر رحیم داد خان، پارٹی کے صوبائی صدر سید ظاہر شاہ، ایم پی اے اسرار اللہ گنڈاپور، شمعون یار، زبیر قریشی، سابق چیف سیکرٹری اعظم خان اور فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو ارشد خان شامل تھے۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ سمیت اے این پی کا کوئی رکن دعوت میں موجود نہیں تھا۔