تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
18 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:7

گولارچی اور ٹھٹھہ کے سیم نالوں میں نئے شگاف، مزید دیہات زیر آب

جنگ نیوز -


ٹھٹھہ…بدین کے ریلیف کیمپوں میں مقیم متاثرین کو مختلف موذی امراض کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تو ٹھٹھہ اور میرپورخاص کے متاثرین تاحال امدادی کارروئیاں شروع ہونے کے انتظار میں ہیں۔ گولارچی اور ٹھٹھہ کے سیم نالوں میں نئے شگاف پڑنے سے مزید دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ ضلع بدین کی تحصیل گولارچی کی گونی پھلیلی آوٴٹ فال ڈرین میں گوٹھ ولہار کے قریب 30 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے 40 سے زائد دیہات زیر آب آنے سے مقامی افراد نکل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔ جبکہ پہلے سے ریلیف کیمپوں میں مقیم بارش متاثرین وبائی امراض سے شدید پریشان ہوگئے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ کیمپوں میں نہ تو انہیں ادویات فراہم کی جارہی ہیں اور نہ ہی خوراک اور پینے کا صاف پانی، دوسری جانب بعض دیہات تاحال کئی کئی فٹ پانی کی لپیٹ میں ہیں جن کے متاثرین نے اپنے علاقے چھوڑنے سے انکار کردیا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ کیمپوں میں ان کے علاقوں سے زیادہ ابتر صورتحال ہے اس لئے وہ وہاں منتقل نہیں ہونا چاہتے۔ادھر ضلع میرپورخاص کے مختلف سیم نالوں میں پڑنے والے ایک درجن سے زائد شگافوں سے پانی کے اخراج کا سلسلہ جاری ہے اور متعدد دیہات زیر آب آچکے ہیں۔ جبکہ ٹھٹھہ میں شاخ پور، دیوان اور لْنڈ ا مچھارو سیم نالوں میں پڑنے والے آٹھ شگاف ابھی پر نہیں کئے جاسکے تھے کہ ان تینوں سیم نالوں سمیت پانچ سیم نالوں میں مزید آٹھ مقامات پر شگاف پڑ گئے۔ اب تک جاتی ، میر پور بٹھورو اور مختلف علاقوں میں اسی دیہات زیر آب آچکے ہیں۔ تاہم کسی بھی متاثرہ علاقے میں ریسکیو کا کام شروع نہیں کیا گیا۔ متاثرین اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کررہے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.