18 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:23
گردیز میں امریکی فوجی بیس پر خود کش حملہ،طالبان نے ذمہ داری قبول کر لی
جنگ نیوز -
کابل…جنگ نیوز…افغانستان کے مشرقی صوبہ پکتیا کے دارالحکومت گردیز میں جمعرات کی صبح امریکی فوجی بیس پر خود کش حملہ میں تین افغان سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گئے، حملہ کی ذمہ داری طالبان نے قبول کر لی۔ پکتیا پولیس کے سربراہ عبدالغفار کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے بھرے ٹرک میں سوار خود کش حملہ آور نے امریکی بیس میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے دو مقامی سیکورٹی گارڈز اور بارڈر پولیس کے ایک اہلکار نے روکا جس پر خودکش حملہ آور نے ٹرک میں موجود دھماکہ خیز مواد کو اڑا دیا جس سے تینوں سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔ بیرونی گیٹ بیس کے اندرونی گیٹ سے ایک سو میٹر کے فاصلہ پر ہونے کی وجہ سے زیادہ نقصان نہیں ہوا۔ پولیس سربراہ کے مطابق بیرونی گیٹ کے راستے میں رکھے گئے کنکریٹ بلاکس نے بھی خودکش حملہ آور کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔