18 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:19
شام میں شہریوں کیخلاف طاقت کے استعمال پر اقوام متحدہ کا اظہار تشویش
جنگ نیوز -
نیویارک…جنگ نیوز…اقوام متحدہ نے ایک بار پھر شام میں سکیورٹی فورسز کی شہریوں کے خلاف طاقت کے استعمال اور انسانی حقوق کی خلاف روزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور فوج اپنی کارروائیاں فوری بند کرے۔ یہ بات اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون اور شامی صدر بشار الاسد کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کی گئی۔ بانکی مون نے شام کے صدر بشارالاسد کو بتایا ہے کہ انہیں سکیورٹی فورسز کی جانب سے شہریوں کے خلاف طاقت کے استعمال اور انسانی حقوق کی خلاف وزریوں پر گہری تشویش ہے۔جس پر شامی صدر نے بتایا کہ پولیس اور فوج نے اپنی کارروائیاں بند کر دی ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ایک ترجمان کے مطابق بانکی مون نے شام میں تشدد کے واقعات کی آزادانہ تحقیقات اور عالمی تنظیم کے انسانی حقوق سے متعلق دفتر سے شامی حکومت کے تعاون کے مطالبات کو بھی دہرایا۔