18 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:28
بلوچستان میں امن کیلئے روٹھوں سے بھی مذاکرات کو تیار ہیں، رحمان ملک
جنگ نیوز -
اسلام آباد… وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان میں امن کے لیے کسی بھی ناراض شخص یا پارٹی سے بات چیت کو تیار ہے۔رحمان ملک بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ظفر اللہ زہری سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔اس موقع پر بلوچستان میں امن و امان اور سیکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔رحمان ملک کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے معاملات کا سیاسی حل چاہتے ہیں، صوبے کی تعمیر وترقی اور وہاں امن وامان کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ظفر اللہ زہری کا کہنا تھا کہ مختلف جماعتوں کے ناراض افراد سے مذاکرات کا فیصلہ خوش آئند ہے۔