تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
18 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:39

عوام، امن کی خاطر اپنے جذبات پر قابو رکھیں ، الطاف حسین

جنگ نیوز -


لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کراچی بالخصوص لیاری کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی اور قتل وغارتگری کے المناک واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دہشت گردوں کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں کے واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ ایک منظم سازشی منصوبے کے تحت کراچی میں بے گناہ شہریوں کو خاک وخون میں نہلایا جارہا ہے اور جوعناصر اپنے مذموم مقاصد کیلئے بے گناہ شہریوں کو ہلاک وزخمی کررہے ہیں وہ کراچی اور اس کے شہریوں کے کھلے دشمن ہیں ۔ الطاف حسین نے کراچی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی اور قتل وغارتگری کے واقعات پر ہرگز مشتعل نہ ہوں ، ماضی کی طرح پرامن رہیں اور کراچی میں امن واستحکام کی خاطر اپنے جذبات پر قابو رکھیں کیونکہ اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے اور انشاء اللہ مظلوم عوام کا صبر ضرور رنگ لائے گا۔ الطاف حسین نے صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا کہ کراچی کے اولڈ سٹی ایریاز میں دہشت گردی اور قتل وغارتگری کے واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے، کراچی کے تاجروں سے بھتہ خوری کا سلسلہ بند کرایا جائے، دہشت گردوں کے قبضے سے مغویوں کو باحفاظت بازیاب کرایاجائے اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں اور قاتلوں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے ۔ الطاف حسین نے مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں اغواء کے بعد جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔دریں اثناء پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی واجہ کریم داد کی المناک شہادت پر الطاف حسین نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے اظہار تعزیت کیا ۔وزیر اعلی سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ واجہ کریم داد کی شہادت شہر کا امن تباہ کرنے کی گھناوٴنی سازش ہے،انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ واجہ کریم داد کے قتل کاسختی سے نوٹس لیاجائے اورقتل کی واردات میں ملوث دہشت گردوں کوگرفتارکرکے کفرکردارتک پہنچایاجائے۔اس موقع پر الطاف حسین نے پیپلز پارٹی سمیت واجہ کریم داد کے تمام اہل خانہ سے ان کی شہادت پر دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار بھی کیا ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.