19 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:30
کراچی میں قتل وغارت گری جاری،43افرادجاں بحق،متعددزخمی
جنگ نیوز -
کراچی ,,, کراچی کے حالات کشیدہ سے کشیدہ ترہوتے جارہے ہیں، شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں گزشتہ روز سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد43 ہوگئی،جبکہ روشنیوں کے شہر کراچی کے باسی شدید خوف وہراس میں مبتلا ہیں۔کراچی میں قتل وغارت گری ،دہشت اوربربریت کا راج ہے۔رات بارہ بجے سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گزشتہ روز 38افراد کوزندگی سے محروم کردئیے گئے،پولیس کے مطابق سحری سے کچھ دیر قبل کھارادر جماعت خانے کے قریب سے ایک نوجوان کی بوری بند لاش ملی،گلشن اقبال بلاک 5 میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا جبکہ پی آئی بی کالونی اور شیریں جناح کالونی میں فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے دو افراد اسپتال میں دوران علاج دم توڑگئے۔نئی کراچی سیکٹر گیارہ جی سے بھی ایک شخص کی لاش ملی ہے۔ جمعرات کیصبحشہرمیں لاشیں ملنے اور قتل عام کاسلسلہ شروع ہوا تھا۔ لیاری، بلدیہ ٹاوٴن، پاک کالونی، منگھوپیراور دیگر علاقوں سے ملنے والی لاشیں، اغوا کے بعد قتل کیے گئے افراد کی تھیں جبکہ لانڈھی شیرپاوٴ کالونی میں عین افطار کے وقت نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے 1 شخص کو ہلاک اور بچی سمیت 11 افراد کو زخمی کر دیا۔پولیس حکام کے مطابق بوری بند بیشترلاشوں سے پرچیاں بھی ملیں ،جن پرامن چاہیے یا جنگ یا مزید لاشیں بھیجیں کے نعرے درج تھے۔رات گئے کراچی کے علاقے گودھرا میں دو گروپوں میں مسلح تصادم کے بعد پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کیا ،اورکئی افراد کو شبے کی بنیاد پر حراست میں لے لیا ہے،کشیدہ صورت حال کے باعث علاقے میں پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔ پرتشدد واقعات کے بعد سے اولڈ سٹی ایریاز، لیاری، رنچھوڑ لائن، ماڑی پور،رسالہ، نیپئر،کھارادر ،نشتر روڈ،مرزا آدم خان روڈ اور بلدیہ ٹاوٴن میں سخت کشیدگی برقرار ہے ،جبکہ ان علاقوں میں پولیس اور رینجرز منظر عام سے غائب ہے جہاں کہیں اکا دکا پولیس موبائلیں یا اہلکار موجود ہیں وہ بھی ڈرے ڈرے اور سہمے سے نظر آرہے ہیں۔