19 اگست 2011
وقت اشاعت: 5:47
کراچی میں کشیدگی برقرار،رات سے اب تک مزید7افراد ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں کشیدگی برقرار ہے رات بارہ بجے سے اب تک 6 افراد کو ہلاک ہو گئے جبکہ گزشتہ روز بھی اڑتیس افراد کو فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں قتل کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق نیو کراچی کے علاقے سیکٹر 11 جی سے ایک شخص کی لاش ملی ہے ۔ کھارادر جماعت خانے کے قریب سے ایک نوجوان کی بوری بند لاش ملی ہے،جس کی شناخت نہیں ہوئی ہے۔گلشن اقبال بلاک 5 میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔ جبکہ پی آئی بی کالونی، شیریں جناح کالونی اور گلشن میں فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے تین افراد اسپتال میں دوران علاج دم توڑگئے۔ جمعرات کے روز لیاری، بلدیہ ٹاوٴن، پاک کالونی، منگھوپیر اور دیگر علاقوں سے لاشیں ملی تھی جنہیں اغوا کے بعد قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق لیاری ندی سے بھی ایک لاش ملی ہے جسے تشدد کے بعد قتل کیا گیا۔گزشتہ دنوں ہونے والے پرتشدد واقعات کے بعد سے اولڈ سٹی ایریاز اور بلدیہ ٹاوٴن میں کشیدگی برقرار ہے۔ لانڈھی شیرپاوٴ کالونی میں عین افطار کے وقت نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے 1 شخص کو ہلاک اور بچی سمیت 11 افراد کو زخمی کر دیا۔ رات گئے کراچی کے علاقے گودھرا میں دو گروپوں میں مسلح تصادم کے بعد پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کیا اورکئی افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے،کشیدہ صورت حال کے باعث علاقے میں پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات ہے۔