19 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:55
بھارت:انا ہزارے ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کی حتمی مشن پر
جنگ نیوز -
نئی دہلی…دہلی کی تہاڑ جیل میں تین راتیں گزارکر اور ساٹھ گھنٹے بغیر کچھ کھائے پیئے بغیر ، انا ہزارے اب بھارت کو کرپشن سے پاک کرنے کے حتمی مشن پر نکل پڑے ہیں۔ عوام سے مختصر خطاب میں انا نے پیغام دیا ہے کہ میں رہوں یا نہ رہوں ،کرپشن کیخلاف جدوجہد نہیں رکنا چاہیئے۔ تہاڑ جیل کے باہر رہائی کے وقت انا ہزارے کی حمایت میں ہزاروں کا مجمع تھا۔ جیل میں تین راتیں گزار کر انا اب نکل پڑے ہیں پندرہ دن کی بھوک ہڑتال کرنے۔ انھیں جیل سے خصوصی ٹرک میں دلی کے رام لیلا گراوٴنڈ لے جایا جارہا ہے۔ وہ مایا پوری اور راج گھاٹ سے ہوتیہوئے رام لیلا گراوٴنڈ پہنچیں گے۔ کانگریس سرکار کیخلاف میدان مارنے کیلئے بے چین انا ہزارے نے رہائی کے بعد جیل سے باہر مختصر خطاب میں کہا کہ ملک کی آزادی کو چونسٹھ سال ہوگئے لیکن ابھی تک یہ آزادی مکمل نہیں۔ جب تک کرپشن ختم نہیں ہوگی ،ملک کبھی مکمل طور پر آزاد نہیں کہلائے گا۔ ذرائع کے مطابق من موہن انتظامیہ نے بھی صورت حال سے نمٹنے کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں۔