19 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:17
بدین:ریلیف کیمپوں میں صورتحال خراب،متاثرین کا اونچے ٹیلوں پر ڈیرہ
جنگ نیوز -
بدین…بدین میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں پانی تو کم ہونا شروع ہوگیا لیکن متاثرین کی مشکلات کم نہ ہوسکیں ، ریلیف کیمپوں میں صورتحال خراب ہے۔جبکہ نئے امدادی کیمپس وی آئی پیز کی جانب سے فیتہ کاٹنے کے منتظرہیں۔ادھر لوگوں کی بڑی تعدادمٹھی کے ٹیلوں پر مدد کے انتظار میں ہے۔ ٹنڈومحمدخان اور ٹھٹھہ میں صورتحال معمول پر آتی جارہی ہے۔ضلع بدین میں حالیہ بارشوں کے بعد دیہات میں جمع ہونے والے پانی کی سطح میں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی ہے۔ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مختلف دیہات سے ایک سے ڈیڑھ فٹ پانی کی سطح کم ہوئی ہے۔ تاہم متعدد علاقے اب بھی برساتی پانی اور سیم نالوں کے شگافوں سے بہنے والے ریلوں کے گھیرے میں ہیں۔ دوسری جانب ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو خوارک اور دیگر اشیاء ضروری کی قلت کا سامنا ہے۔ حکومت کی جانب سے جمع کئے گئے امدادی سامان کی تقسیم بھی تاحال شروع نہیں ہوسکی ہے۔ صورتحال سے تنگ آئے متاثرین نے تھرپارکر کے علاقے مٹھی میں اونچے اونچے ٹیلوں پر اس امید سے ڈیرہ ڈال لیا ہے کہ شاید انہیں یہاں امداد مل جائے گی۔ جبکہ سڑکوں پر دربدری کی زندگی بسر کرنے والے متاثرین کے لئے نئی خیمہ بستیاں تو قائم کردی گئی ہیں لیکن وہاں انہیں اب تک منتقل نہیں کیا گیا۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ نوتعمیر شدہ خیمہ بستیوں کے افتتاح کے لئے کسی سیاسی شخصیت کا انتظار کیا جارہا ہے جس کے بعد ہی یہاں متاثرین کی منتقلی کا عمل شروع ہوسکے گا۔ ادھر آفت زدہ قرار دئے گئے ضلع ٹنڈومحمدخان میں مختلف علاقوں میں کھڑے بارش کے پانی کی نکاسی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ شہر میں صفائی ستھرائی کا کام بھی جاری ہے۔ ضلع ٹھٹھہ میں بھی متاثرین کی بحالی کے لئے پاک بحریہ کی جانب سے شروع ہونے والا مدد ایسٹ آپریشنجاری ہے۔ کمانڈر میرین محمد شاہد کے مطابق گزشتہ روز سے اب تک دو ہزار متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔