19 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:46
یو اے ای، عام انتخابات کیلئے 477 امیدوار مد مقابل ہوں گے
جنگ نیوز -
ابوظہبی…جنگ نیوز… متحدہ عرب امارات میں ہونے والے دوسرے پارلیمانی انتخابات کے لیے 477 امیدواروں نے اپنی رجسٹریشن کرا لی ہے۔متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ چالیس ارکان پر مشتمل وفاقی قومی کونسل کی نصف نشستوں کے لیے چار سو ستتر امیدواروں نے اپنی رجسٹریشن کرائی ہے۔بیس ارکان کا انتخاب متحدہ عرب امارات میں شامل ساتوں اماراتوں میں سے کیا جائے گا۔وفاقی قومی کونسل کے امور کے لیے وزیر مملکت انور غرغاش نے ایک بیان میں اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ ہر کوئی سیاسی شرکت کو بڑھانے اور وفاقی قومی کونسل کو بااختیار بنانے کے لیے اس اقدام کی حمایت کرے گا۔انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی رجسٹریشن کے بعد ایک نئی سرگرمی شروع ہو گی لیکن تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وفاقی کونسل کی رکنیت کی امیدواری کے لیے بہت کم تعداد سامنے آئی ہے۔