19 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:46
خیبرایجنسی، جمرود کی جامع مسجد میں دھماکا،ہلاکتیں20ہو گئیں
جنگ نیوز -
کراچی…خیبر ایجنسی کے تحصیل جمرود کے شمال میں واقع غنڈی کی جامع مسجد میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد20ہو گئی ہے جبکہ100سے زائد زخمی ہیں۔زخمیوں میں 20کی حالت انتہائی نازک بتائی جارہی ہے اور ایمبولینس نہ ہونے کی وجہ سے مقامی افراد اپنی گاڑیوں میں پشاور منتقل کر رہے ہیں۔ دھماکا اس قدر شدید نوعیت کا تھا کہ مسجد منہدم ہو گئی اور ملبے سے مزید متاثرین کو نکالنے کا کام جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب مقامی افراد نماز کے بعد باہر آرہے تھے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ جامع مسجد میں 200افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش ہے اور خدشہ ہے کہ جانی نقصان میں اضافہ ہو سکتا ہے۔امدادی ٹیمیں موقع پر روانہ کر دی گئی ہیں اور زخمیوں کو پشاور منتقل کیا جارہا ہے۔