19 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:31
پاکستان اور سری لنکا کا دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کا عزم
جنگ نیوز -
کولمبو…جنگ نیوز…پاکستان اور سری لنکا نے آزادانہ تجارتی معاہدے کے تحت دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے ایک دوسرے کو رعایتیں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہاں پاک سری لنکا سیکرٹریز تجارت کے درمیان آزادانہ تجارتی معاہدے کے حوالے سے جائزہ مذاکرات کے دوران پاک سری لنکا تجارتی امور بالخصوص آزادانہ تجارتی معاہدے کے حوالے سے معاملات پر غور کیا گیا۔ مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری تجارت ظفر محمود جبکہ سری لنکن سیکرٹری تجارت تلک کولور نے اپنے وفد کی قیادت کی۔ مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کے سیکرٹریز نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ نئے معاہدے کے تحت سری لنکا 2012ء سے نجی شعبے کو باسمتی چاول کی درآمد کا کوٹہ دے گا جبکہ پاکستان کروڈ کو کونٹ آئل کو غیر رعایتی فہرست سے خارج کر دے گا۔ مذاکرات میں دوطرفہ تجارت کے مزید فروغ کیلئے ممکنہ وسائل بروئے کار لانے اور منتخب اشیاء پر ایک دوسرے کو رعایتیں دینے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ مذاکرات میں دوطرفہ تجارتی حجم 342 ملین ڈالرز تک پہنچنے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔