21 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:16
امن و امان کیلئے قائم کمیٹی کاگورنر ہاوٴس کراچی میں پہلا اجلاس
جنگ نیوز -
کراچی…صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر امن و امان کے حوالے سے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس گورنر ہاوٴس کراچی میں ہوا۔گورنر ہاوٴس سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اورنئی حکمت عملی طے کی گئی۔ جس کے تحت دہشت گردی اور تخریب کاری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی۔ اعلامیے کے مطابق پولیس اور رینجرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ کسی دباوٴ میں آئے بغیر امن کے قیام اورشہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران دہشت گردی کا شکار ہونیوالوں کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائیگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کے بعد گورنر سندھ سے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار ، رضا ہارون اور ڈاکٹر صغیر سمیت دیگر نے ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق گورنر سندھ نے ایم کیو ایم کے رہنماوٴں کو اسلام آباد میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ہونے والی ملاقاتوں پر اعتماد میں لیا اور پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کے تعلقات پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔