21 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:4
کراچی:مختلف علاقوں سے3نوجوانوں کی لاشیں برآمد
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے اور آج مزید 7 افراد ہلاک ہوگئے ۔کراچی میں سترہ اگست کو شروع ہونے والے پرتشدد واقعات پر اب تک قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ پولیس کے مطابق اورنگی ٹاوٴن کی ایم پی آر کالونی سے آج صبح دو نوجوانوں کی بوری بند لاشیں ملی ہیں انہیں اغوا اور تشدد کے بعد گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق تین ہٹی پل کے نیچے سے بھی ایک شخص کی لاش ملی ہے جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔پاک کالونی سے ایک شخص کی بوری بند لاش برآمد ہوئی جسے تشدد کرکے قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کا نام رضوان ہے اور وہ گارڈن کا رہنے والا تھا۔سفاری پارک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 28 سالہ سمیع اللہ ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق محمود آباد چنیسر گوٹھ میں دو منشیات فروش گروپوں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔ اس دوران اسنوکر کلب میں فائرنگ سے 10 سالہ شہریار اور 15 سالہ ذیشان ہلاک ہوگئے۔جھگڑے میں ایک گھر کو بھی آگ لگادی گئی۔ پولیس کسی ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔ہفتے کو گلشن حدید میں مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کر دی جس سے واٹر بورڈ کے انجینئر خالد صدیقی جاں بحق اور ان کا ساتھی زخمی ہو گیا۔