تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
22 اگست 2011
وقت اشاعت: 5:5

متحدہ قومی موومنٹ ڈیلس یونٹ کے تحت افطار ڈنر کااہتمام

جنگ نیوز -
متحدہ قومی موومنٹ ڈیلس یونٹ کے تحت افطار ڈنر کااہتمام

ڈیلس، ٹیکساس …راجہ زاہد اختر خانزادہ…متحدہ قومی موومنٹ ڈیلس یونٹ کی جانب سے متحدہ کے ہمدردوں، ساتھیوں اور مقتدر شخصیات کے اعزاز میں ایک افطار ڈنر کااہتمام یہاں مقامی ہوٹل میں منعقد کیاگیا۔ افطار ڈنر کے موقع پر متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کی سینٹرل کمیٹی کے رکن ارشاد کمالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم سیاست کو خدمت اور عبادت سمجھتی ہے جبکہ وہ پاکستانی قوم کو جاگیرداروں، وڈیروں اور چوہدریوں کے نرغے سے نکال کر ملک کا باعزت اور طاقتور شہری بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم صرف کراچی،حیدرآباد ہی نہیں بلکہ پورے ملک اور بین الاقوامی طور پر پھیلی ہوئی تنظیم ہے اور اس تنظیم کا ہر رکن قائد کے حکم پر ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیارہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ حق اور سچ کیلئے جدوجہد کررہی ہے اور وقت کے یزیدوں سے برسر پیکارہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے جبکہ ایم کیو ایم انتہائی برداشت کا مظاہرہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھائی ایک حکم کریں تو ایسے عناصروں کو پاکستان تو کیا دنیا بھر میں جائے پناہ نہیں مل سکتی۔ اس موقع پر پاکستانی فلم اسٹار سعود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آرمی کے بعد اگر کوئی منظم تنظیم ہے تو وہ ایم کیو ایم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پارٹی نہیں تنظیم ہے جہاں پر اس سے وابستہ افرادکی باقاعدہ تربیت کے بعد ان کو عوامی خدمت کے کاموں پر لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سن چیریٹی یورپ اور امریکہ میں فلاحی خدمات سرانجام دے رہی ہے، ان کو سن چیریٹی کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بھی رہا ہے اور یہ بات وہ یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ ان کی عوام الناس کی فلاح و بہبود کیلئے سن چیریٹی کو دیئے جانے والے عطیات مستحقین تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الطاف بھائی نے جس تحریک اور فکر کی بنیاد ڈالی اس کے پیروکار آج دنیا بھر میں موجود ہیں۔ اس موقع پر فلم اسٹار سعود کی اہلیہ جویریا نے حمد باری تعالیٰ پیش کی۔ افطار ڈنر کی تقریب سے متحدہ ڈیلس کے یونٹ انچارج خواجہ وقار احمد نے خطاب کرتے ہوئے حاضرین کا شکریہ ادا کیا جبکہ سابق یونٹ انچارج مفتی رضا نے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض سرانجام دیئے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم امریکہ کے رہنما اسد بھائی بھی موجود تھے۔ افطار ڈنر کی اس تقریب میں شہر ڈیلس کی مقتدر شخصیات نے بھی شرکت کی جبکہ سن چیریٹی کیلئے عوام الناس نے اپنے عطیات بھی دیئے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.