22 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:7
فوکوشیما :45 بچوں میں تابکار اثرات کی موجودگی کا انکشاف
جنگ نیوز -
ٹوکیو…جنگ نیوز… جاپان کے فوکوشیما جوہری بجلی گھر کے اطراف میں45 فیصد بچوں کے گلے کے غدود میں تابکاری کے اثرات والے اجزاء کا پتہ چلالیا گیاہے ۔فرانسیسی خبر رساں ادارہ کے مطابق یہ انکشاف ایک نئی طبی تحقیق کے بعد سامنے آئی ہے ایک حکومتی عہدیدار کے مطابق یہ نمونے پانچ ماہ قبل حاصل کیے گئے تھے۔ جاپانی حکومت کی جوہری حادثے سے نمٹنے کی ٹاسک فورس نے 11 مارچ کے اس حادثے کے دو ہفتے بعد ان بچوں کے غدود کے نمونے حاصل کیے تھے۔ ان میں 15 سال کی عمر تک کے 1149 بچے شامل ہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق مکمل طور پر متاثرہ بچوں کے غدود کے نمونوں میں تابکار آئیوڈین کی مقدار باعث تشویش نہیں۔ ایک حکومتی اہلکار نے بتایا کہ فی الحال سرکاری موقف یہی ہے کہ کسی بھی بچے کے جسم میں تابکاری کی حد خطرناک نہیں ہے۔ ماہرین کے مطابق تھائی رائیڈ گلینڈ میں تابکار آئیوڈین کی موجودگی مستقبل میں کینسر کا سبب بن سکتی ہے۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک عہدیدار نے بتایا کہ اب تک 1080 بچوں کے طبی معائنوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں، جن میں سے44.6 فیصد کے جسموں میں تابکار آئیوڈین کی کچھ مقدار کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔