5 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 14:55
علی گیلانی نے حزب المجاہدین سے رابطوں کو مسترد کر دیا
جنگ نیوز -
سرینگر…جنگ نیوز…مقبوضہ کشمیر میں بزرگ کشمیری حریت رہنماء سیّد علی گیلانی نے امریکی سفارتی مراسلوں کو مسترد کردیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ ان کے حزب المجاہدین کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ ان کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے جو کہ کشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے جبکہ حزب المجاہدین ایک مجاہد تنظیم ہے۔ انہوں نے اسے مسئلہ کشمیر کے حقائق کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی ایک سازش قراردیا۔وکی لیکس کی طرف سے جاری کی گئی ایک کیبل میں کہا گیا ہے کہ سید علی گیلانی کی جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کی سیاسی سرگرمیوں کے ذریعے حزب المجاہدین کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اور شاید وہ روشن خیال کشمیریوں کے قتل میں براہ راست ملوث ہو سکتے ہیں۔ سابق پاکستانی صدر پرویز مشرف کی تجاویز مسترد کرنے اور آزادی کشمیر یا الحاق پاکستان سے متعلق اپنے موقف پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کے بارے میں وکی لیکس کی کیبل کے دعوے پر انہوں نے کہاکہ انہوں نے ان تجاویز کی مخالفت کی تھی اور وہ آئندہ بھی کشمیریوں کی قربانیوں اور مسئلہ کشمیر کے تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کے کسی بھی ایسے اقدام کی مخالفت جاری رکھیں گے۔