5 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 14:55
’صدر زرداری نے پاک فوج کو وزیرستان میں آپریشن سے روک دیا تھا‘
جنگ نیوز -
کراچی…پاکستان کے بارے میں خفیہ امریکی مراسلوں سے انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔ این ڈبلیو پیٹرسن کے مطابق دو ہزار نو میں صدر آصف علی زرداری نے سیاسی وجوہات کی بناء پر وزیرستان میں پاک فوج کو آپریشن کرنے سے روک دیا تھا۔ واشنگٹن کو بھیجے گئے مراسلے میں امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن نے چھ اکتوبر دو ہزار نو کو جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ہونیوالی ملاقات کی تفصیل بتائی۔ مراسلے کے مطابق جنرل کیانی نے این پیٹرسن کو بتایا کہ صدر زرداری نے موسم بہار تک وزیرستان میں آپریشن کرنے سے روک دیا ہے اور اس کی وجہ سیاسی بتائی ہے۔ جنرل کیانی نے امریکی سفیر کو بتایا کہ انھوں نے وزیرستان آپریشن کے سلسلے میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان سے بھی ملاقات کی تاہم اس ملاقات کا مقصد ہرگز سیاسی نہیں تھا۔ امریکی سفیر کیساتھ ملاقات میں جنرل کیانی کے علاوہ آئی ایس آئی چیف لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا بھی شریک تھے۔ مراسلے کے مطابق دونوں افسران نے کیری لوگر بل کی بعض شقوں کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاک فوج کیخلاف ہے اور اس سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات متاثر ہوں گے۔ پاک بھارت بیک چینل ڈپلومیسی کی بحالی پر جنرل کیانی نے امریکی سفیر سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں صدر زرداری سے بات کریں تاہم مراسلے کے مطابق جنرل کیانی اور لیفٹیننٹ جنرل شجاع پاشا چاہتے تھے کہ بھارت کیساتھ بیک چینل ڈپلومیسی کامیاب ہو۔